کے الیکٹرک کو بجلی مہنگی کرنے کی اجازت
نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک کو بجلی کی قیمت میں 38 پیسہ فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو بجلی 38 پیسہ فی یونٹ مہنگی کرنے کی اجازت دے دی۔
کے الیکٹرک نے جولائی اور اگست کے مہینوں کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 38 پیسے اضافے کی درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کے۔الیکٹرک کی نیلامی،چینی کمپنی حصہ لے گی
نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جولائی کے مہینے کے لیے فی یونٹ قمیت میں 15 پیسے جبکہ اگست کے لیے فی یونٹ 23 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔
قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے ان گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا جو ماہانہ 50 یونٹ تک استعمال کرتے ہیں۔
کے الیکٹرک نے نیپرا کو مطلع کیا تھا کہ کمپنی نے جولائی میں ایک ارب، 63 کروڑ 36 لاکھ یونٹس فروخت کیے جبکہ اگست کے مہینے میں ایک ارب 58 کروڑ 49 لاکھ یونٹس فروخت کیے گئے۔