یادگارِ غالب: دلی میں مرزا کا آخری گھر
مرزا نے آگرہ سے دلی آنے کے بعد کئی مکان بدلے لیکن شاید ہی کوئی ایسا مکان ہوگا جو گلی قاسم جان یا اس کے اطراف سے باہر ہو۔
کاشانہءِ غالب، محلہ بَلّی ماراں
پچھلے دنوں جب میں دلی (یا دہلی) میں تھا تو میں نے ایک عجیب سی بات محسوس کی۔ وہ یہ کہ میں جب جب گلی قاسم جان (جو کہ بَلّی ماراں سے نکلتی ہے) میں ایک حویلی کے سامنے سے گزرتا تھا تو منہ پر یہ شعر خود بخود، باترنم آجایا کرتا:
ہیں اور بھی دنیا میں سخن ور بہت اچھے،
کہتے ہیں کہ غالب کا ہے انداز بیاں اور
اس شعر کی طرز، جس میں، میں پڑھا کرتا، وہی تھی جو ونود سہگل کی آواز میں شہرہءِ آفاق ڈراما سیریز مرزا غالب میں تھی۔ شاید یہ غالب سے عقیدت، محبت یا یہ کہہ لیجیے کہ ایک قسم کی انسیت تھی جس نے اس عادت کو جنم دیا۔ میرا یہ غالب کی حویلی کے پاس سے گزرنا کوئی نئی بات نہ تھی، اور اس بار تو روز کا معمول بن گیا تھا، لیکن آخر ایسا تھا ہی کیوں؟ سمجھ لیجیے دلی سے نہ صرف میرا بلکہ میرے خاندان کا بھی تعلق ہے، لیکن یہ قصہ پھر کبھی۔