سائنس و ٹیکنالوجی

'آرٹیفیشل انٹیلی جنس انسانیت کے لیے تباہ کن'

مصنوعی ذہانت سے لیس مشینیں انسانیت کے لیے قیامت خیز ثابت ہوسکتی ہیں، اسٹیفن ہاکنگ

دنیا کے مشہور ترین سائنسدانوں میں سے ایک اسٹیفن ہاکنگ نے خبردار کیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) انسانیت کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 74 سالہ سائنسدان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے لیس مشینیں انسانیت کے لیے قیامت خیز ثابت ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا 'اس ٹیکنالوجی کو ترقی دینا انسانوں کے خاتمے کا باعث بن سکتا ہے'۔

تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اے آئی کو تشکیل دینے سے انسانوں کو بہت زیادہ فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔

ان کے بقول اس ٹیکنالوجی انقلاب کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے ہم اقدامات کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانوں کو اے آئی کو امراض اور غربت کے خاتمے کے لیے استعمال کرنا چاہیئے اور زندگی کے ہر شعبے کو اس کا حصہ بنانے سے گریز کرنا چاہیئے تاکہ بڑے نقصان سے بچا جاسکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی مشینیں تیار کرنے سے اس وقت تک گریز کرنا چاہیئے جب تک ہم اس خطرے کو کنٹرول کرنا نہ سیکھ لیں۔

اسٹیفن ہاکنگ نے کہا کہ فوائد کے ساتھ ساتھ یہ خطرات کا باعث بننے والی ٹیکنالوجی بھی ہے جیسے طاقتور خودکار ہتھیار یا ایسے نئے طریقے جن سے بہت کم وقت میں متعدد افراد کو ہلاک کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کنٹرول نہیں کیا گیا تو مستقبل میں اے آئی خود اپنے آپ کو تشکیل دے گی اور ایسا ہونے پر اس کا ٹکراﺅ ہم سے ہوگا اور یہ انسانیت کے لیے بدترین ثابت ہوگا۔