لائف اسٹائل

ہندو انتہا پسند اب بھی کرن جوہر کے خلاف

ایم این ایس کے اراکین کا کہنا ہے کرن جوہر کی ویڈیو سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ’اے دل ہے مشکل‘ ریلیز نہیں کرنے دی جائے گی۔

بولی وڈ اداکار کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ پر انتہا پسند ہندو جماعتوں کی جانب سے لگائی گئی پابندی کے بعد ہدایت کار نے گذشتہ روز ایک ویڈیو پیغام میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ اب پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہیں کریں گے تاہم ان کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کو ریلیز ہونے دیا جائے۔

لیکن اس کے باوجود ہندوستانی ریاست مہاراشٹرا کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) اب بھی اس فلم کی سینما گھروں میں نمائش کے خلاف ہے۔

کرن جوہر کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا، ’میں ایک بات سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میری فلم میں تقریباً 300 ہندو افراد نے اپنا خون پسینہ بہا کر کام کیا ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ اس فلم پر ہونے والا فساد ان کے لیے انصاف ہے، مجھے امید ہے کہ سب ان حالات کو سمجھیں گے‘۔

اس ویڈیو کے بعد امید کی گئی تھی کہ انتہا پسند تنظیمیں اب اس فلم کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گی تاہم ایم این ایس چترا پت سنہا کے رکن امے کھوپکر کا انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'کرن جوہر کو اب اس بات کا احساس ہوا ہے؟ اتنے عرصے سے انہیں یہ بات سمجھ نہیں آرہی تھی؟ ویسے بھی انہوں نے اپنی ویڈیو میں پاکستانی اداکاروں کا نام نہیں لیا، انہوں نے کہا ہے کہ وہ پڑوسی ملک کے فنکاروں کے ساتھ کام نہیں کریں گے‘۔

مزید پڑھیں: ’مجبور‘ کرن جوہر کا بھی پاکستانی فنکاروں کےساتھ کام سے انکار

ایم این ایس چترا پت سنہا کی جنرل سیکریٹری شالینی ٹھاکرے نے بھی سوال کیا کہ پڑوسی ملک کے اداکاروں کے حوالے سے کرن جوہر کا خیال ایک دم کیسے بدل گیا، ان کا کہنا تھا کہ ’یہ وہی کرن جوہر ہیں جنھوں نے ایک بار کہا تھا کہ پاکستانی اداکاروں پر پابندی نہیں لگنی چاہیے، تو ان کا خیال ایک دم کیسے تبدیل ہوگیا؟ لیکن انہوں نے بہت دیر کردی ہے، ہم اپنا ارادہ تبدیل نہیں کریں گے اور انہیں ان کی فلم ریلیز کرنے کی اجازت بھی نہیں دیں گے‘۔

دوسری جانب امے کھوپکر نے ہندوستانی سینما مالکان کو کہا ہے کہ وہ ان کی دھمکی کو ہلکا نہ لیں، ان کا کہنا تھا ’ہم اپنی ریاست میں اس فلم کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے، اگر کسی سینما میں اس فلم کی نمائش کی کوشش کی گئی تو وہ یہ یاد رکھیں کہ ان کے سینما گھر قیمتی شیشوں سے بنے ہیں‘۔

ان دھمکیوں کے بعد ہی کرن جوہر نے ممبئی پولیس سے رابطہ کیا جنہوں نے ان کی فلم کی نمائش پر سینما گھروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کو پاکستانی اداکار فواد خان کی موجودگی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم میں فواد کا صرف ایک مختصر کردار ہے جبکہ رنبیر کپور، انوشکا شرما اور ایشوریا رائے بچن اس فلم کے مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جن کا شمار ہندوستان کے ٹاپ اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ رواں ماہ 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔