کھیل

شنگھائی ماسٹر: جوکووچ باہر، مرے فائنل میں

دفاعی چمپیئن جوکووچ کو اسپین کے باتستا نے شکست دے کر ایونٹ سےباہر کردیا جبکہ اینڈی مرے باآسانی فائنل میں پہنچ گئے۔

عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو شنگھائی ماسٹر کے سیمی فائنل میں اسپین کے غیر معروف کھلاڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ عالمی نمبر دو اینڈی مرے نے فائنل میں جگہ بنالی۔

چین کے شہر شنگھائی میں کھیلے جارہے ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سربیا سے تعلق رکھنے والے نوواک جوکووچ کو سیمی فائنل میں روبرٹو باتستا نے 4-6 اور 4-6 سے شکست دی۔

دفاعی چمپیئن اور 12 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے جوکووچ جب درجہ بندی میں 19 ویں پوزیشن پر موجود باتستا کے ہاتھوں شکست کے بعد دلبرداشتہ ہوگئے اور برازیل سے تعلق رکھنے والے امپائر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

جوکووچ کا کہنا تھا کہ 'انھوں نے جو فیصلے کئے ہیں میرے سمجھ میں نہیں آئے'۔

واضح رہے جوکووچ تین مرتبہ شنگھائی ماسٹر میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں جبکہ رواں سال جون میں فرنچ اوپن میں کامیابی کے بعد شکستوں سے دوچار ہیں۔

جوکووچ نے ومبلڈن اور اولمپکس میں ناکامی پر اعتراف کیا تھا کہ وہ کھیل میں اپنی دلچسپی کھو رہے ہیں۔

دوسری جانب برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے فرانسیسی کھلاڑی جائلز سیمنز کو پہلے سیٹ میں مشکلات کے باوجود باآسانی 4-6 اور 3-6 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی کی۔

اینڈی مرے نے کامیابی کے بعد کہا کہ 'میں نے کہا تھا کہ میں نمبرایک پوزیشن حاصل کرناچاہتا ہوں لیکن میں اب بھی جوکووچ سے کافی دور ہوں تاہم میں نمبرایک پوزیشن کے لیے اس ہفتے یا ابھی سے سوچ رہا ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں چاہتا ہوں کہ یہ سال جتنا ہوسکے بہترین انداز میں ختم ہو اور یہ میرے کیریئر کا کامیاب ترین سال ہو'۔