پاکستان نے اظہرعلی کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 3 وکٹوں پر579 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کردی جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کھو کر 69 رنز بنا لیے۔
دبئی میں جاری تاریخی میچ کے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کااسکور ایک وکٹ پر 279 رنز تھا، اظہرعلی 146 اور اسد شفیق 33 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔
اظہرعلی اور اسد شفیق نے بہترین بلےبازی کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران اظہرعلی نے اپنے 150 رنز اور اسد شفیق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
اظہرعلی اپنے ابتدائی 50 میچوں میں 11 سنچریاں بنانے والے چوتھے پاکستانی ہیں، اس سے قبل عظیم بلےباز حنیف محمد اور یونس خان نے پہلے 50 میچوں میں 12 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ محمد یوسف نے 11 سنچریاں بنائی تھیں۔
اسد شفیق اور اظہر علی کے درمیان 137 رنز کی اچھی شراکت قائم ہوئی تاہم 352 کے مجموعے پر اسد شفیق 67 رنز بنانے کے بعد بشو کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے نوجوان بلے باز بابراعظم نے ڈیبو کیا اور اسد شفیق کی جگہ بیٹنگ کے لیے آئے۔