دنیا

شام: حلب میں روسی فضائیہ کی کارروائی، 25 شہری ہلاک

شامی اور روسی طیاروں نے حلب اور دمشق میں شہری علاقوں پر بمباری کی، مانیٹرنگ گروپ

شام: شام کے دوسرے بڑے اور اہم شہر حلب میں صدر بشار السد کی فورسز اور روسی فضائیہ کی کارروائی میں 25 شہری ہلاک ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی ایک رپورٹ کے مطابق روسی فضائیہ کے طیاروں نے حلب میں ایک مارکیٹ پر بمباری کی۔

مقامی سول ڈیفنس اور ریسکیو ذرائع نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے اپنے ٹوئٹ کہا کہ ضلع فردوس کی مارکیٹ میں ہونے والی فضائی کارروائی میں 25 افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شامی حکومت اور روسی فورسز کی جاب سے حلب پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کیلئے فضائی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ شامی فورسز کی جانب سے عوام کو شہر سے نکلنے کے لیے کچھ دن دیے گئے تھے جس کے بعد شہر میں ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر بمباری کا آغاز کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: شام: شادی کی تقریب میں خود کش دھماکا، 34 ہلاک

ادھر شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے برطانوی مانیٹرنگ گروپ نے رپورٹ اپنی رپورٹ میں کہا کہ دمشق کے مشرقی علاقوں میں بھی فضائی کارروائیاں کی گئی ہیں، یہ علاقہ جنگجوؤں کے قبضے میں ہیں۔

دوسری جانب شام کے فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ فضائی کارروائیاں حلب کے جنوب اور جنوب مغربی علاقوں میں کی گئی تھی۔

ادھر ڈیلی میل اور اسکائے نیوز کی رپورٹس کے مطابق مذکورہ بمباری میں ہلاکتوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی ہے۔

مغربی ممالک نے شامی حکومت اور روسی فضائیہ کی جانب سے شہری مقامات پر کی جانے والی بمباری کی مزمت کی ہے۔

تاہم شامی فوج نے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کے دعوؤں کی تردید کی جبکہ فرانس اور امریکا نے حلب میں شامی اور روسی فضائیہ کی کارروائیوں کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز فرانس اور امریکا کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرار داد پیش کی گئی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ حلب میں فوجی اور فضائی کارروائیوں کو فوری طور پر روکا جائے، تاہم روس نے اسے ویٹو کردیا تھا۔

یہ بھی دیکھیے: خانہ جنگی سے شام کا بنیادی ڈھانچہ مکمل تباہ

واضح رہے کہ شام میں گذشتہ 5 سال سے جاری خانہ جنگی کے باعث ملک کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے اور ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں فوج اور ملسح گروپوں کے درمیان جاری لڑائی کے باعث یہاں کے عوام شدید کرب میں مبتلا ہیں۔

شام جاری خانہ جنگی اور غیر ملکی فورسز کے حملوں میں اب تک 3 لاکھ سے زائد شہری ہلاک جبکہ لاکھوں اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے یا کیے گئے ہیں۔

ادھر فضائی کارروائیوں سے محفوظ رہنے کیلئے نقل مکانی کرنے والے لاکھوں شہری مہاجرین کیمپوں میں بے سرو سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ان کیمپوں میں نہ صرف ادویات بلکہ خوراک کی بھی شدید کمی ہے جبکہ اس اذیت ناک زندگی سے بچنے کیلئے غیر قانونی طور پر یورپی ممالک کا رخ کرنے والے مہاجرین کی کثیر تعداد سمندر کی نظر ہوچکی ہے۔