سائنس و ٹیکنالوجی

دنیا کے امیر ترین شخص کس 'معمولی' چیز سے خوفزدہ؟

انہیں شارک مچھلیوں سے ڈر نہیں لگتا بلکہ جس سے وہ سب سے زیادہ خوفزدہ ہیں وہ مچھر ہیں۔

شارک مچھلی کا نظارہ دہشت زدہ کردینے والا ہوتا ہے خاص طور پر اگر وہ منہ کھولے آپ کی جانب بڑھ رہے ہو مگر دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو ایک بظاہر معمولی اور چھوٹا سے کیڑے کی دید خوفزدہ کردیتی ہے۔

جی ہاں بل گیٹس نے اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ انہیں شارک مچھلیوں سے ڈر نہیں لگتا بلکہ جس سے وہ سب سے زیادہ خوفزدہ ہیں وہ مچھر ہیں۔

انہوں نے کہا ' اگر موازنہ کیا جائے تو ایک شارک متعدد چھوٹی چیزوں کے مقابلے میں بالکل بھی دہشت زدہ کردینے والی نہیں لگتی"۔

انہوں نے 2015 میں مختلف جانوروں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کا ایک گراف بھی شیئر کیا جس سے معلوم ہوا کہ شارک دنیا بھر میں صرف چھ ہلاکتوں کا باعث بنی جبکہ مچھروں نے 8 لاکھ 30 ہزار جانیں لیں۔

بل گیٹس کے بقول 'مچھر ایک ہائپو ڈرمک سوئی کی طرح ہیں جو جسم کو بیماریوں سے بچانے والے دفاعی میکنزم کو بائی پاس کرکے امراض کو براہ راست خون میں پہنچا دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں انسانوں کو حملے کرنے والے وائرس بہت تیزی سے بڑھتے ہیں"۔

بل گیٹس نے مچھروں سے پھیلنے والی متعدد بیماریوں کی فہرست بھی دی جن میں ڈینگی، زرد بخار، زیکا اور سب سے خطرناک ملیریا شامل ہے، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا ' یہ ممکنہ طور پر انسانی تاریخ کی سب سے اہم بیماری ہے'۔

خیال رہے کہ ملیریا کا خاتمہ طویل عرصے سے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لیے ایک حکمت عملی پر بھی کام ہورہا ہے۔

بل گیٹس کے مطابق ' میرے خیال میں یہ ننھے مچھر بظاہر تو چھوٹے نظر آتے ہیں جنھیں آپ ایک ہاتھ سے مار سکتے ہیں، مگر یہ کسی بھی چیز کے مقابلے میں سب سے زیادہ انسانوں کو ہلاک کرتے ہیں'۔

فوٹو بشکریہ بل گیٹس