کھیل

ماریاشیراپوا کی ٹینس کورٹ میں واپسی

امریکا کے شہر لاس ویگاس میں کھیلے گئے دو نمائشی میچوں میں ماریا شیراپوا نے حصہ لیا جو سات ماہ بعد ان کا پہلا میچ تھا۔

لاس ویگاس: روس کی مشہور ٹینس اسٹار ماریا شیراپوا نے پابندی میں نرمی ہوتے ہی نمائشی میچوں میں شرکت کر کے طویل عرصے بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کی۔

ماریا شیراپوا کو ممنوعہ ادویات کے استعمال پر رواں سال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے دوران ٹینس کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

سابق عالمی نمبر ایک شیراپوا نے امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ورلڈ ٹیم ٹینس 'اسمیش ہٹس' میں نمائشی میچ کھیلا جس سے حاصل ہونے والے پیسے ایلٹن جان ایڈز فاؤنڈیشن کو عطیہ کئے جائیں گے۔

ٹینس کے کورٹ سے دوری کے باعث ماریاشیراپوا عالمی درجہ بندی میں 93 ویں پوزیشن پر چلی گئی ہیں۔

نمائشی میچ میں ماریاشیراپوا کے ساتھ امریکا کی ٹیلر جانسن تھی جنھیں جمہوریہ چیک کی سابق اسٹار مارٹینا نیوراٹیلوا اور امریکا کی لیزل ہوبر نے پہلے ہی میچ میں زیر کیا۔

میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'کورٹ میں واپس آنا بہت خاص ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ’ڈرگ ٹیسٹ‘ مثبت، ٹینس اسٹار ماریہ شیراپووا معطل

ان کا کہنا تھا کہ'مجھے تماشائیوں اور اسٹیڈیم کےماحول میں کھیلے 7 ماہ گزر چکے ہیں اور اس میچ کی دعوت پر بہت مشکور ہوں اور اس مقصد کا حصہ بننے پر خوش ہوں'۔

عالمی ثالثی عدالت نے گزشتہ ہفتے شیراپوا کی دوسال کی سزا میں کمی کرتے ہوئے 15 ماہ تک محدود کیا تھا جس کے مطابق وہ اگلے سال اپریل میں عالمی مقابلوں میں حصہ لے سکیں گی۔

مزید پڑھیں: شیراپووا کی اپریل میں ٹینس کورٹ میں واپسی

شیراپوا اگلے سال فرنچ اوپن کے آغاز سے ایک ماہ قبل ٹینس کورٹ میں واپس آئیں گی۔

سابق عالمی نمبر ایک کو دوسرے نمائشی میچ میں امریکا کے سابق عالمی نمبرایک جان مک اینرو کے ساتھ رکھا گیا تھا جہاں انھوں نے نیوریٹیلوا اور امریکی سابق اسٹاراینڈی روڈک کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

شیراپوا نے واپسی کے سفر کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں اپریل میں اپنے پہلے ٹورنامنٹ کے پیش نظر چند نمائشی میچوں میں حصہ لینے پر نظررکھوں گی'۔