ساہیوال: خاتون کو ’آن لائن ہراساں‘ کرنے والا ملزم گرفتار
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مبینہ طور پر خاتون کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے پر پنجاب کے شہر ساہیوال سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار شخص کے خلاف حالیہ منظور ہونے والے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ ’پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم‘ (پی ای سی اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے ایف آئی اے حکام کی جانب سے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے کو ملزم کا 3 روزہ ریمانڈ دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: 'خاتون کو ہراساں' کرنے پر جامعہ کراچی کے پروفیسر گرفتار
ایف آئی اے حکام کی جانب سے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔
قبل ازیں متاثرہ خاتون کی جانب سے ملزم کے خلاف ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل میں شکایت درج کرائی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی ملزم سے سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر دوستی ہوئی، تاہم بعد ازاں ملزم نے پیسوں کے لیے انہیں بلیک میل کرنا شروع کردیا۔
ایف آئی اے نے ملزم کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ پیسے لینے شکایت کنندہ کے گھر آیا۔
مزید پڑھیں: سابق بہنوئی سے بدلے کیلئے جعلی فیس بک اکاؤنٹ
واضح رہے کہ چند روز قبل ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر کو خاتون ساتھی استاد کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ڈاکٹر فرحان کریمی جامعہ کراچی کے شعبہ سائیکولاجی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، جن کے خلاف موصول ہوئی تھی کہ انھوں نے خاتون ساتھی استاد کا جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنا رکھا ہے، جس پر ان کی غیراخلاقی تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں۔