پاکستان

با اثر مسلم شخصیات: نواز شریف اور آرمی چیف بھی شامل

مسلم دنیا کی 500 با اثر شخصیات میں عمران خان، ملالہ یوسف زئی، مولانا فضل الرحمٰن اور بلقیس ایدھی کے نام بھی شامل ہیں۔
Welcome

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف، چیف آف آرمی اسٹار جنرل راحیل شریف اور ملالہ یوسف زئی سال 2017 کے لئے 500 با اثر مسلم شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ فہرست رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے شائع کی گئی ہے جس میں دنیا بھر سے 500 با اثر مسلم شخصیات کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی کو بھی ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

500 افراد کے ناموں پر مشتمل اس فہرست میں 33 پاکستانی شہریوں کے نام شامل ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ، جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمٰن) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، انسانی حقوق کی کارکن عاصمہ جہانگیر اور تبلیغی جماعت کے مولانا طارق جمیل بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بااثر مسلم شخصیات میں شامل پاکستانی

اس فہرست میں شامل افراد کو 13 مختلف شعبوں میں ان کی خدمات کے تناظر میں پرکھا گیا ہے جن میں خدمت خلق، فن و ثقافت، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سیاست اور مذہبی امور شامل ہیں۔

ٹاپ 50 بااثر مسلم شخصیات میں پہلے نمبر پر مصر کے شیخ الاظہر احمد محمد الطیب، دوسرے نمبر پر اردن کے شاہ عبداللہ دوئم ابن الحسین، تیسرے نمبر پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز جبکہ چوتھے نمبر پر ایرانی رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای موجودہیں۔

اس کے علاوہ مفتی تقی عثمانی کو عالم اسلام کی چھٹی بااثر ترین شخصیت قرار دیا گیا ہے جبکہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد التھانی 28 ویں، اردن کی ملکہ رانیہ 32 ویں اور شاہ کریم الحسینی 37 ویں نمبر پر ہیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف—فائل فوٹو

وزیر اعظم نواز شریف—رائٹرز فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان— رائٹرز فوٹو

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی— فائل فوٹو

مولانا فضل الرحمٰن— اے ایف پی فوٹو

مولانا تقی عثمانی— آئی این پی فوٹو

نامور وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن عاصمہ جہانگیر— اے ایف پی فوٹو

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق— اے ایف پی فوٹو

عالم دین مولانا طارق جمیل— اسکرین شاٹ