پاکستان

نائن زیرو کے قریب بند مکان سے نیٹو کا اسلحہ برآمد

چھاپہ ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مارا گیا، مکان کے ٹینک سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، مشتاق مہر
| |

کراچی: پولیس نے کراچی کے علاقے نائن زیرو کے قریب ایک بند مکان سے بھاری تعداد میں سرکاری اور نیٹو کا اسلحہ، گولہ بارود اور بلٹ پروف جیکٹس برآمد کرلیں۔

مکان سے برآمد ہونے والا اسلحہ—۔ڈان نیوز

ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صبح 5 بجے کے قریب ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نائن زیرو کے قریب ایک بند مکان پر چھاپہ مارا گیا، جس کی ٹینکی سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

پولیس نے مکان کے ٹینک سے اینٹی ایئرکرافٹ گن، اینٹی ٹینک مائن اور دیگر ہتھیار بھی برآمد کیے۔

مشتاق مہر نے بتایا کہ یہ اسلحہ 9 اور 10 محرم الحرام کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ یہ مکان کس کے نام پر ہے، کب سے بند تھا، آخری مرتبہ یہاں کون آیا، کیا مکان کسی کو کرائے پر دیا گیا تھا اور یہ اسلحہ کراچی میں ہونے والی کسی دہشت گردی یا تخریب کاری میں تو استعمال نہیں ہوا۔

مشتاق مہر نے اس موقع پر پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسلحہ برآمد والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے مذکورہ مکان پر چھاپہ مار کر اسلحہ برآمد کیا، جسے 2 سے 3 ٹرکوں میں لوڈ کرکے ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لارک کے دفتر منتقل کیا گیا، لیکن اہلکار جلد بازی میں مکان کو سیل کیے بغیر ہی چلے گئے جبکہ مکان کے پانی کے ٹینک میں بڑی تعداد میں گولیاں بھی چھوڑ گئے۔

بعد ازاں سندھ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق بند مکان سے برآمد کیے جانے والے اسلحے میں 11 اینٹی ایئرکرافٹ گنز، 17 گرینیڈ لانچرز، 39 ایل ایم جیز، 9 آر پی جی سیون، 82 ایس ایم جیز، 11 سیون ایم ایم، ایک ایم 16، 32 چینی رائفلز، 10 جی تھری، 5 اسنائپر رائفلز، 2 رپیٹرز، 9 شارٹ ایس ایم جیز اور ایس ایم جیز اور جی تھری کے 245 میگزین شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پولیس نے 200 دستی بم، 2 ہزار رائفل گرینیڈ، 140 بلٹ پروف جیکٹس اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا۔

مکان سے برآمد ہونے والا اسلحہ—۔ڈان نیوز