ہاکی کھلاڑیوں کو سہولتوں کا فقدان ہے:شہبازسینئر
اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر کا کہنا ہے کہ ٹیم کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر مایوس کن کارکردگی کی وجہ کھلاڑیوں کو سہولیات کی عدم فراہمی ہے۔
سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے چیئرمین سینیٹر مشاہد اللہ خان کی موجودگی میں کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے شہبازاحمد سینئر نے کہا کہ حکومت کی بامعنی حوصلہ افزائی اورمخصوص پہلوؤں کے حوالے سے کھیل کی کھوئی ہوئی عظمت کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے پشت پناہی کی ضرورت ہے۔
پی ایچ ایف کے سیکرٹری نے کہا کہ ملک کے صرف چار یا پانچ شہروں میں باقاعدہ ہاکی کھیلی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم خواتین ہاکی اور مینز ہاکی کی ترقی کے لیے بنیادی سطح پر زیادہ سے زیادہ کوششیں کررہے ہیں'۔
انھوں نے کہا کہ حال ہی میں ہماری انڈر 18 جونیئر ٹیم نے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی جو نہایت بڑی کامیابی تھی۔
آئی پی سی کے وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ بھی اجلاس میں موجود تھے، جن کا کہنا تھا کہ کھیل کی بہتری کے لیے پی ایچ ایف کو آزادی دینی چاہیے۔
آئی پی سی کمیٹی کے چیئرمین کو بتایا گیا کہ بلیو آسٹروٹرف کھلاڑیوں کے لیے ایک اور اہم مسئلہ ہے جس پر جدید ہاکی کھیلی جارہی ہے جبکہ پاکستانی کھلاڑی اس کو استعمال نہیں کرتے۔