لائف اسٹائل

ماورا حسین کی پاکستانی چینلز میں واپسی

اڈاری سے متاثر ہوکر ماورا نے سماجی موضوع پر مبنی ڈرامے کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔

ماورا حسین اب ایک بار پھر پاکستانی ٹیلیویژن اسکرین نظر آئیں گی اور وہ بھی بہت جلد۔

بولی وڈ فلم 'صنم تیری قسم' میں کام کرنے والی ماورا اب ہم ٹی وی کے ڈرامے 'سمی' کی شوٹنگ کا حصہ بننے والی ہیں۔

ماورا حسین نے اپنے نئے ٹی وی ڈرامے اور بولی وڈ پراجیکٹس پر ڈان سے خصوصی بات چیت کی۔

ان سے پوچھا گیا کہ ایک بولی وڈ ڈائریکٹر نے کہا تھا کہ وہ آپ کو ایک فلم ' Not A Prostitute ' کے مرکزی کردار میں کاسٹ کرنے پر غور کررہا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حقیقت نہیں، مگر آپ اس افواہ پر کیا ردعمل ظاہر کریں گی؟

ماورا نے اس پر کہا " میں افواہوں پر ردعمل ظاہر کرکے ان باتوں کو اہمیت نہیں دلانا چاہتی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا مزید بولی وڈ پراجیکٹس بھی ان کی نظر میں ہیں تو ان کا کہنا تھا " میں اس حوالے بات نہیں کرنا چاہوں گی جو موجودہ صورتحال میں ہیڈلائن بن جائے گی"۔

پاکستان میں منصوبوں کے حوالے سے سوال پر ماورا نے بتایا " میں ہم ٹی وی کی سماجی ڈرامہ سیریل سمی کا حصہ بن رہی ہوں، جسے جان ہوپکنز یونیورسٹی کے اشتراک سے تیار کیا جارہا ہے، میں اس ڈرامے میں مرکزی کردار سمی کی سرپرست کا رول ادا کروں گی، اس کی شوٹنگ چند روز میں شروع ہوجائے گی اور میں اس کا حصہ بننے کے حوالے سے پرجوش ہوں، کیونکہ میں نے عروہ کا سماجی موضوع پر مبنی ڈراما اڈاری دیکھا ہے، جو کہ بہت زیادہ ہٹ رہا، اس نے ایک مثال قائم کی"۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اب وہ بڑی اسکرین کب نظر آئیں گی اور کونسی فلم کرنا چاہیں گی تو انہوں نے بتایا " ابھی چند ماہ پہلے ہی آپ نے آخری بار مجھے بڑی اسکرین پر دیکھا تھا، دو فلموں کے درمیان وقفہ ضروری ہے، کچھ چیزیں پائپ لائن میں موجود ہیں اور ہم بہت جلد ایک اعلان کریں گے، میں محض اس لیے کسی پراجیکٹ کا حصہ نہیں بنوں گی کیونکہ ہر ایک یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ میں اگلا کیا پراجیکٹ کررہی ہوں، میں جب ایک پراجیکٹ لیتی ہوں تو اپنا ہر ممکن بہتر کام کرنے کی کوشش کرتی ہوں، اس طرح کے فیصلے نیوز ہیڈلائنز کے دباﺅ کے تحت نہیں کیے جاتے"۔

جب پاکستانی فنکاروں پر بولی وڈ میں پابندی کے حوالے سے بولی وڈ میں مستقبل قریب میں ان کا کام متاثر کرنے کی بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا " اگر آپ سخت محنت کرتے ہیں تو ایسے تنازعات متاثر نہیں کرتے، آپ کو یا تو انتظار کرنا ہوتا ہے کہ لوگ آپ کی قدر کی وضاحت کریں یا آپ اپنے اقدامات کی وضاحت کریں، میں دوسرے آپشن پر یقین رکھتی ہوں، جب سخت محنت کی بات ہو تو میں مضبوط ، بے نظیر اور نہ رکنے والی ہوں'۔