دنیا

’مودی کیلئے دھمکی آمیز پیغام لانے والا کبوتر گرفتار‘

ہندوستان کے بارڈر سیکیورٹی فورس کو یہ کبوتر پٹھان کوٹ میں ملا جس کے پاس موجود پرچی میں اردو میں پیغام درج ہے، پولیس

نئی دہلی: ہندوستان کی پولیس نے مودی کے لیے دھمکی آمیز خط لانے کے الزام میں ایک کبوتر کو حراست میں لے لیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارت پولیس نے ریاست پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ سے اس کبوتر کو پکڑا ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ اس کے پاس ایک خط موجود تھا جس پر وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرکے کچھ لکھا ہوا تھا۔

پٹھان کوٹ کے پولیس انسپکٹر راکیش کمار نے بتایا کہ ’ہم نے کبوتر کو گزشتہ روز اپنی تحویل میں لیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’بھارتی سیکیورٹی فورس کو یہ کبوتر ملا جس کے پاس ایک پرچی تھی جس پر اردو میں لکھا تھا کہ؛ مودی ہم اب 1971 والے لوگ نہیں اب بچہ بچہ بھارت سے لڑنے کے لیے تیار ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: سرجیکل اسٹرائیکس کابھارتی دعویٰ 'جھوٹا'، فائرنگ سے 2 پاکستانی فوجی جاں بحق

راکیش کمار نے بتایا کہ یہ پرچی بظاہر شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ کی جانب سے بھیجی گئی ہے لہٰذا ہم اس معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ہندوستان میں کسی پرندے کو شک کے بناء پر پکڑا گیا ہوا کئی دہائیوں سے کشیدگی کے دہانے پر کھڑی ان دو جوہری طاقتوں کی چپقلش کا نشانہ کئی پرندے بن چکے ہیں۔

تاہم مذکورہ کبوتر کو ایسے وقت میں پکڑا گیا ہے جب اڑی حملے کے بعد ہندوستان کی جانب سے مبینہ سرجیکل اسٹرائیکس اور پھر بارہ مولہ میں فوجی کیمپ پر حملے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

اس کے علاوہ یہ کبوتر پٹھان کوٹ میں ملا ہے جہاں رواں برس جنوری میں انڈین ایئربیس پر حملہ ہوا تھا۔

علاوہ ازیں حال ہی میں بھارتی پنجاب میں اسی طرح کے پیغامات کے حامل دو غبارے بھی بھی ملے تھے جن میں اردو زبان میں مودی کے لیے کچھ لکھا ہوا تھا۔

گزشتہ برس بھی انڈین پولیس نے ایک کبوتر کو پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں پکڑا تھا اور اس کا ایکسرے بھی کیا گیا تھا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ کہیں اس میں کوئی خفیہ کیمرا، ٹرانسمیٹر یا چپ تو نصب نہیں۔

2013 میں انڈین سیکیورٹی فورسز کو ایک مردہ باز ملاتھا جس پر ایک چھوٹا کیمرا نصب تھا اس کے علاوہ 2010 میں جاسوسی کے شبہے میں ایک اور کبوتر کو پکڑ لیا گیا تھا۔