دنیا

افغانستان کے'دوستانہ حملے'میں 5 افغان فوجی ہلاک

افغان فضائیہ کے 'دوستانہ حملے' کے واقعے میں مغربی افغانستان میں کم از کم پانچ فوجی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔

کابل: افغان فضائیہ کی اپنی ہی فوجی چوکی پر بمباری کے واقعے میں مغربی افغانستان میں 5 فوجی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے بتایا کہ صوبہ فرح کے علاقے کینسک میں طالبان سے نبرد آزما افواج نے فضائی مدد طلب کی لیکن فضائیہ کے ہیلی کاپٹر نے غلطی سے اپنی ہی فوج پر بمباری کردی۔

انہوں نے کہا کہ ہدف کے غلط تعین کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر نے افغان فوج کی چوکی پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 5 فوجی اور ایک پولیس افسر ہلاک ہو گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

امریکی افواج کو شدت سپندوں کے خلاف کارروائی کیلئے وسیع تر اختیارات ملنے کے بعد پیش آنے والے اس طرح کے پہلے واقعے میں گزشتہ ماہ صوبہ ارزگان میں امریکی فضائی حملے میں 8 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

تاہم امریکی افواج کا کہنا ہے کہ فرح میں ہونے والے حملے میں امریکی فوج کا کوئی کردار نہیں۔

افغانستان پر امریکی چڑھائی کے گزشتہ 15 سال کے دوران نیٹو اور افغان فورسز کے حملوں کے نتیجے میں ہونے والی ہشہری اور فوجی ہلاکتیں ایک بڑا مسئلہ رہی ہیں جس پر عوام اور حکومت کی جانب سے سخت تنقید کی جاتی رہی ہے۔

'دوستانہ فائرنگ' کا سب سے بدترین حملہ گزشتہ سال جولائی میں ہوا تھا جب صوبہ لوگر میں افغان چوکی پر امریکی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 10 افغان فوجی مارے گئے تھے۔