سائنس و ٹیکنالوجی

دفاتر کے لیے اب نیا فیس بک

دفتری فیس بک بنیادی طور پر کاروباری اداروں کے لیے فیس بک جیسا اپنا سوشل نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

فیس بک اس وقت انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مقبول اور وقت لینے والی سائٹ ہے جہاں ہر کوئی ہی کئی گھنٹوں تک مگن رہتا ہے، لیکن اب اس نے دفتری ملازمین کے لیے اپنا پورا وقت سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ پر گزارنے کے حوالے سے ایک نئی ویب سائٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جس کا نام 'فیس بک ایٹ ورک' ہے، یعنی دفتری فیس بک جو بنیادی طور پر کاروباری اداروں کے لیے فیس بک جیسا اپنا سوشل نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

فیس بک کی جانب سے اس کی تیاری گزشتہ سال سے جاری ہے اور اب اگلے ماہ اسے دنیا بھر میں متعارف کرا دیا جائے گا۔

اس میں تمام فیچرز جیسے نیوز فیڈ اور تصاویر وغیرہ فیس بک جیسے ہی ہیں تاہم اس کا رنگ نیلے کی بجائے سفید ہوگا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس پر وقت گزاری کے دوران اگر باس آپ کو دیکھ بھی لے تو بھی اسے دفتری امور کا ہی حصہ سمجھے گا۔

اس کی آزمائش فیس بک نے گزشتہ چند ماہ کے دوران دنیا کے چند بڑے اداروں میں کی ہے، یہ ڈیسک ٹاپ ورژن سمیت موبائل فون اپلیکشن کی صورت میں بھی دستیاب ہوگی۔

تاہم فیس بک کا یہ ورژن مفت نہیں ہوگا بلکہ یہ کمپنی اداروں سے ماہانہ بنیادوں پر فیس لے گی تاہم اس حوالے سے تفصیلات اسے متعارف کرانے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ 'فیس بک ایٹ ورک' کے فیچر کے ذریعے لوگوں کا دفتری کام زیادہ موثر طریقے سے ہوسکے گا، فیس بک کے ملازمین اسے کافی عرصے سے استعمال کررہے ہیں تاہم اب اسے پوری دنیا میں متعارف کروایا جائے گا۔

افادیت اور دفتر میں فیس بک پر وقت گزارنا بے شک متضاد الفاظ لگیں مگر سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے خیال میں یہ دفاتر میں بہت زیادہ کامیاب فیچر ثابت ہوگا اور ملازمین کو اپنی فیس بک ونڈو بار بار چھپانی نہیں پڑے گی۔

اس کی ویب سائٹس الگ ہوں گی اور کمپنیوں کو اس پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کے لیے اپنے عملے کے نئے اکاﺅنٹس بنانا ہوں گے۔

تاہم یہ صارفین کی مرضی ہوگی کہ وہ اپنے ذاتی اور دفتری اکاﺅنٹ کو اکھٹا کرنے کا لنک منتخب کرسکیں۔