’میں اپنی زندگی پر فلم نہیں بننے دوں گی‘
بولی وڈ کی کامیاب اداکاراؤں کو طویل عرصے سے فلموں میں اپنی خوبصورت آواز دینے والی گلوکارہ لتا منگیشکر آج اپنی 87ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے لتا منگیشکر کا کہنا تھا کہ ’میں اس عمر میں سالگرہ کا جشن منانا پسند نہیں کرتی، میں ہمیشہ سوچتی ہوں کہ میری زندگی کا ایک اور سال گزر گیا اور یہ کوئی ایسی بات نہیں جس پر جشن منایا جائے‘۔
واضح رہے کہ بولی وڈ میں طویل عرصے سے معروف فنکاروں کی زندگی پر بننے والی فلمیں بنانے کے ٹرینڈ کا آغاز ہوچکا ہے تاہم لتا منگیشکر اپنی سوانح حیات کے خلاف ہیں۔
مزید پڑھیں: سْروں کی ملکہ
ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی زندگی پر فلم نہیں بننے دوں گی کیوں کہ مجھے یہ نہیں پسند، مجھے لگتا ہے کہ اس طرح کی فلموں میں آپ کی زندگی کا ہر راز شامل کیا جائے گا جس کی ضرورت نہیں ہے اور میں ایسا نہیں چاہتی‘۔
لتا منگیشکر نے گلوکاری میں اپنے کیریئر کا آغاز 1942 میں 13 سال کی عمر میں کیا تھا، انہوں نے اپنی زندگی میں 50 ہزار سے زائد گانے گائے ہیں۔
بولی وڈ میں مزید گلوکاری نہ کرنے کے سوال پر لتا کا کہنا تھا کہ ’اب انڈسٹری میں سب کچھ تبدیل ہوچکا ہے، پہلے جس طرح کے گانے اور موسیقی کی جاتی تھی وہ اب موجود نہیں، نئے انداز کے گانوں کو سن کر ایسا لگتا ہے جیسے یہ مغرب سے متاثر ہیں اور میں ایسے گانے نہیں گا سکتی‘۔
بولی وڈ کی کامیاب اداکاراوں کو اپنی آواز دینے والی لتا کا نئی اداکاراوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہیں پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون بے حد پسند ہیں، تاہم اگر انہیں کوئی چیز بُری لگتی ہے تو وہ ہے آج کی اداکاراوں کے وہ ملبوسات جن کا استعمال وہ اپنی فلموں میں کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رفیع، لتا کا اختلاف گانوں کی رائلٹی پر ہوا: کتاب
لتا سے جب ان کے پسندیدہ گانوں کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے اپنے 4 مقبول گانوں ’آئے گا آنے والا‘، ’آجا رے پردیسی‘، ’لگ جا گلے‘ اور ’اللہ تیرو نام‘ کا ذکر کیا۔
ذرائع کے مطابق لتا منگیشکر نے آخری گانا ’جینا کیا ہے جانا میں نے‘ 2015 کی ہندوستانی اور نارویجن فلم ’Dunno Y2... Life Is a Moment‘ کے لیے گایا تھا۔