ریپ کا الزام: کیوبن والی بال ٹیم کے پانچ ارکان کو جیل
کیوبا کی والی بال ٹیم کے پانچ اراکین پر فن لینڈ کی خاتون کے ریپ کا الزام ثابت ہونے پر جیل کی سزا سنا دی گئی ہے۔
کپتان سمیت ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو پانچ سال جیل کی سزا سنائی گئی جبکہ پانچویں کھلاڑی کو ساڑھے تین سال جیل کی سزا ہوئی ہے۔
دو جولائی کو فن لینڈ کی خاتون نے الزام لگایا تھا کہ ان کا مقامی ہوٹل میں ریپ کیا گیا جس کے بعد فن لینڈ کے جنوبی شہر سے ان کو حراست میں لیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں سے دو کو فوری طور پر چھوڑ دیا گیا تھا، اگست کے اختتام تک ایک اور شخص کو چھوڑ دیا گیا تھا۔
یہ ٹیم ریو اولمپکس سے قبل ایک ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے آئی تھی اور یہ واقعہ اسی ہوٹل میں پیش آیا جہاں انہوں نے قیام کیا تھا۔ان تمام افراد نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس عمل میں خاتون کی رضامندی بھی شامل تھی.
سزا کے ساتھ ساتھ انہیں متاثرہ خاتون 24ہزار یورو بھی بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ان الزامات کے منظر عام پر آنے کے بعد کیوبا نے اپنے دو کوچز کو فوری طور پر برطرف کردیا تھا۔
ان الزامات کے بعد کیوبا کے والی بال اسکواڈ میں ہر طرف مایوسی پھیل گئی تھی لیکن اس کے باوجود والی بال ٹیم کو ریو اولمپکس میں شرکت کیلئے بھیجا گیا جسے پانچوں میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔