دنیا

کشمیر:ہندوستانی فوج کا 10 دراندازوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

درانداز کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے اوڑی سیکٹر کے ذریعے ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، ہندوستانی میڈیا

سری نگر: ہندوستانی فوج نے جموں و کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں 10 دراندازوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ہندوستانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہندوستانی فوج کی جانب سے 10 دراندازوں کو ہلاک کیا گیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ان دراندازوں کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے اوڑی سیکٹر کے ذریعے ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

ہندوستانی فوج کے ایک عہدیدار نے ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 15 دراندازوں کو، اوڑی میں ہندوستانی آرمی کے 12ویں بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر لاچی پوڑا کے علاقے میں پیچھے دھکیلا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ، 17اہلکار ہلاک

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ہلاک کیے جانے والے دراندازوں کا اسی گروپ سے تعلق تھا، جس کے مبینہ دہشت گردوں نے 2 روز قبل اوڑی سیکٹر میں فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا، جبکہ گروپ میں 15 دہشت گرد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اوڑی سیکٹر میں ہندوستانی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی ہلاک ہوئے تھے، جبکہ جوابی کارروائی میں 4 حملہ آوروں کو بھی مار دیا گیا تھا۔

ہندوستان کی جانب سے حملے کا الزام ایک بار پھر بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر لگاتے ہوئے کہا گیا کہ حملہ آوروں کا تعلق مبینہ طور پر کالعدم جیش محمد سے تھا جو پاکستان سے داخل ہوئے۔

تاہم پاکستان نے بغیر کسی شواہد کے لگائے گئے اس الزام کو سختی سے مسترد کردیا۔

مزید پڑھیں: اوڑی حملہ: مودی پاکستان کے خلاف شواہد کے متلاشی

ہندوستانی فوج کے ترجمان راجیش کالیا نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ 12 دہشت گردوں کے گروپ نے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کی، تاہم انہیں پہلے روک دیا گیا اور ان کا دراندازی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔

قبل ازیں ہندوستانی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع لاچی پوڑا اور ماہی یان بونیار کے علاقوں میں پاکستانی فوج سے فائرنگ کا تبادلے کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا۔

تاہم پاکستانی عسکری ذرائع نے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج سے کسی بھی فائرنگ کے تبادلے کی تردید کی تھی۔