کھیل

عامر شادی کے باعث ٹیم کے ساتھ نہیں جائیں گے

پاکستان ٹیم متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے 20 ستمبر کو دبئی روانہ ہوگی۔

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر 20 ستمبر کو شادی کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کے ہمراہ دبئی نہیں جائیں گے۔

محمد عامر کی شادی کی رسومات عیدالاضحیٰ کے بعد شروع ہوں گی اور عامر نے اس سلسلے میں 19سمتمبر، 20 ستمبراور 21 ستمبر کو تین پروگرام ترتیب دیے ہیں جبکہ قومی ٹیم 20 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے لیے رورانہ ہوگی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کےدرمیان 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل طویل سیریز ہوگی جس کا آغاز 23 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل کی قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی

محمد عامر کی شادی پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی نرجس سے ہورہی ہے، واضح رہے عامر اور نرجس کا نکاح دوسال قبل ستمبر 2014 میں لاہور میں ہواتھا جہاں تقریب میں دونوں خاندانوں کے قریبی رشتے داروں کو دعوت دی گئی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہلکار کا کہنا ہے کہ عامر کو شادی میں مصروفیت کے باعث 20 ستمبر کو ٹیم کے ساتھ دورے پر جانا ممکن نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز،انگلینڈ کے خلاف پہلے امتحان میں سرخرو

خبررساں ادارے اے پی پی کو پی سی بی کے اہلکار نے بتایا کہ 'عامر شادی کی تقریبات میں مصروفیت کے باعث ممکنہ طورپر پہلے اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شامل نہیں ہوگے'۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر شادی کی تقریبات سے فراغت کے بعد دبئی میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

یہ خبر 10 ستمبرکو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔