کھیل

مصباح کو ٹیسٹ چیمپیئن شپ ٹرافی 21 ستمبر کو ملے گی

آئی سی سی عالمی نمبر ایک پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو قذافی اسٹیڈیم میں 21 سمتبر کو ٹیسٹ چیمپیئن شپ میس دے گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 21 سمتبر کو ٹیسٹ چیمپیئن شپ میس(ٹرافی) دے گی۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن صبح ساڑھے دس بجے تقریب میں ٹیسٹ چیمپیئن شپ میس پیش کریں گے جس کے بعد 11 بجے وہ میڈیا کانفرنس کریں گے۔

انگلینڈ کے خلاف اسی کے دیس میں سیریز 2-2 سے ڈرا کرتے ہوئے پاکستان نے 2003 میں متعارف کرائے جانے والے رینکنگ سسٹم میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

پاکستان کو اس منصب تک رسائی میں سری لنکا نے بڑی مدد فراہم کی جس نے سابقہ عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کو 3-0 سے کلین سوئپ کیا جبکہ انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری ٹیسٹ ڈرا ہونے سے ہندوستان ورلڈ نمبر 1 کا منصب برقرار نہ رکھ سکا۔

پاکستان اس وقت 111 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، ہندوستان 110 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا اور انگلینڈ 108 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہے جہاں ابتدائی سات ٹیسٹ ٹیموں کے درمیان صرف 16 پوائنٹس کا فرق ہے۔