راولپنڈی: 5 بہن بھائیوں کی اجتماعی خود کشی کی کوشش
راولپنڈی: والد کی ڈانٹ سے دل برداشتہ ہو کر 5 بہن بھائیوں نے اجتماعی خود کشی کی کوشش کی جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق پانچوں بچوں کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے بینظیر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ بچے بنی پولیس اسٹیشن کی حدود میں باغ سرداراں کے علاقے کے رہائشی ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچوں کی والدہ کا چند ماہ قبل انتقال ہوا اور آج والد کی ڈانٹ سے دل برداشتہ ہو کر ان بچوں نے چوہے مار دوا پی کر اجتماعی خود کشی کی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ بچوں میں 16 سالہ صدف، 13 سالہ وہاج، 12 سالہ سدرہ، 11 سالہ وہاب اور2 سالہ بسما شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: اٹک: خود کشی کے 2 واقعات میں 4 لڑکیاں ہلاک
بینظیر ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے ڈاکٹر رفیق نے ڈان نیوز کو بتایا کہ پانچوں بچوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 سالہ بسما اور 11 سالہ وہاب کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے جنھیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچوں کے کسی بھی عزیز نے اب تک ان سے رابطہ نہیں کیا ہے تاہم کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں لانے سے قبل یہ کوشش کی جارہی ہے کہ بچوں کو بچالیا جائے۔
خیال رہے کہ 2 اگست کو صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے علاقے تکبیر کالونی میں 6 خانہ بدوش لڑکیوں نے گھریلو جھگڑے کے باعث گندم میں رکھی جانے والی زہریلی گولیاں کھالی تھیں۔
زہر کھانے سے ان کی حالت بگڑنے پر انہیں اسفدیار ہسپتال اٹک منتقل کیا گیا تاہم 3 لڑکیاں علاج شروع ہونے سے قبل ہی ہلاک ہوگئیں۔
اسی روز ایک علیحدہ واقعے میں 13 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر بڑی بہن کے ساتھ جھگڑے کے بعد غصے میں آ کر زہریلی گولیاں کھالی تھیں، جس سے وہ ہلاک ہوگئی۔