بلوچستان: صوبائی وزیر بلدیات کا مغوی بیٹا بازیاب
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے وزیر بلدیات سردار مصطفیٰ خان ترین کے اغوا ہونے والے بیٹے کو پاک ۔ افغان سرحد کے قریب سے بازیاب کرا لیا گیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق اسد ترین کو ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان سے بازیاب کرایا گیا۔
اسد ترین کو رواں سال 21 مئی کو نامعلوم مسلح افراد نے ضلع پشین سے اغوا کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے وزیر کا بیٹا پشین سے اغواء
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) حئی بلوچ نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے اسد ترین کو پشین میں کیڈٹ کالج سے اغوا کیا، جبکہ اغوا کار نوجوان کی گاڑی کو کالج کے قریب ہی چھوڑ گئے۔
اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا صوبائی وزیر بلدیات کے بیٹے کی بازیابی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کسی آپریشن کے نتیجے میں عمل میں آئی یا اغوا کاروں نے انہیں تاوان وصول کرنے کے بعد رہا کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اسد ترین کو سخت سیکیورٹی میں قلعہ عبداللہ سے پشین لایا گیا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان سے اغوا 6 پاکستانی افغانستان سے بازیاب
اسد ترین کی بازیابی کے بعد ان کے دوستوں، رشتہ داروں اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے حامیوں کی بڑی تعداد ان کے گھر پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں حکومت کی اتحادی جماعت پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے اسد ترین کے اغوا کے خلاف کئی مظاہرے کیے تھے۔