پاکستان

'ماضی میں عمران خان متحدہ سے این او سی لے کر جلسہ کرتے تھے'

طلال چوہدری کے مطابق عمران خان اور الطاف حسین کے درمیان عارف علوی ہر معاملے میں رابطے کا ذریعہ تھے۔

اسلام آباد: مسلم لیگ نواز کے رہنما طلال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ماضی میں کراچی میں جلسہ کرنے کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے این او سی لیتے تھے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پی ٹی آئی کو کراچی میں جلسے کی اجازت دیئے جانے کے باعث عمران خان مذکورہ جلسوں میں متحدہ کے خلاف کوئی بات نہیں کرتے تھے۔

طلال چوہدری نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی آج ایم کیو ایم کے خلاف کسی بھی قسم کی بات کرنے سے پہلے ان سوالات کا جواب ضرور دیں کہ 2012 میں دونوں جماعتوں میں ٹیلی فونک رابطوں کے علاوہ اور کیا جوڑ توڑ ہوا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اور الطاف حسین کے درمیان عارف علوی ہر قسم کے رابطے کا ذریعہ تھے۔

مزید پڑھیں: عید کے بعد رخ رائے ونڈ کی طرف ہوگا، عمران خان

طلال چوہدری نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جب پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں دھرنا دینا تھا تو اس وقت ایم کیو ایم نے حکومت کو ضمانت دے کر عمران خان کو دھرنے کیلئے این او سی دلوائی تھی۔

انھوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ کی اپنی تو عزت نہیں، دوسروں کی عزت رہنے دیں'۔

طلال چوہدری نے واضح کیا کہ عمران خان جتنا چاہے غصے کا اظہار کرتے رہیں لیکن ہم ان کے خلاف ریفرنسز کو منتقی انجام تک پہنچا کررہے گے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اوردیگر نے ایک اخباری خبر پر وزیراعظم کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس : ایف بی آر نے نوٹس جاری کر دیئے

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے منظور نہیں کیے تھے تو وہ اچھے تھے اور ایک فیصلہ جب پی ٹی آئی کے خلاف آیا تو اسپیکر جانبدار ہوگئے۔

واضح رہے کہ 4 سمتبر کو تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان نے لاہور میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران دو ٹوک الفاظ میں کہہ تھا کہ وہ وزیر اعظم نواز شریف کو کرپشن کا پیسہ ہضم نہیں کرنے دیں گے،انہوں نے پاناما لیکس پر وزیر اعظم سے چار سوالوں کےجواب بھی طلب کیے۔

انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ لندن میں خریدی گئی جائیداد کے دستاویز دکھائیں، یہ بتائیں کہ فلیٹس خریدنے کیلئے اربوں روپے کہاں سے آئے، یہ پیسے بیرون ملک کیسے گئے اور کیا اس پر ٹیکس ادا کیا گیا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی آج کراچی کے نشتر پارک میں جلسہ کرنے جارہی ہے، جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔