توہین آمیز الفاظ : اوباما کا فلپائنی صدر سے ملنے سے انکار
ویتنام: امریکی صدر براک اوباما نے فلپائن کے صدر روڈریگو ڈیوٹارٹے کی جانب سے اپنے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے پر دو طرفہ ملاقات منسوخ کردی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلپائنی صدر نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ وہ ماورائے عدالت قتل اور جرائم کے خلاف جاری جنگ میں امریکی صدر براک اوباما سے لیکچر نہیں لیں گے۔
واضح رہے کہ ان واقعات کے نتیجے میں اب تک 2 ہزار 4 سو کے قریب فلپائنی شہریوں کی جانیں جاچکی ہیں۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران جب صحافیوں نے صدر روڈریگو سے اوباما کے لیے کوئی پیغام دینے کو کہا تو انھوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، 'آپ کو اپنی عزت کروانی چاہی، بنا سوچے سمجھے بیانات نہ دیں اور نہ ہی سوالات اٹھائیں'۔
ساتھ ہی انھوں نے اوباما کو گالی دی اور کہا کہ 'میں اس فورم پر تم پر لعنت بھیجوں گا'۔
واضح رہے کہ امریکی اور فلپائنی صدر کی منگل 6 ستمبر کو ویتنام کے دارالحکومت میں ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایشین نیشنز کے اجلاس کے موقع پر ملاقات متوقع تھی، جسے براک اوباما نے منسوخ کردیا۔