ہینگ ژو: چین میں جاری دنیا کے بڑے معاشی ممالک کے گروپ جی 20 کے اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی برادری کو بے مقصد مذاکرات کرنے سے خبردار کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں کو تجویز دی کہ دنیا میں اقتصادی بہتری کے لیے بامقصد بات چیت کی ضرورت ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی مسائل کے حل کیلئے بات چیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیشت میں بہتری آرہی ہے تاہم ابھی بھی بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا کی 20 بڑی معاشی طاقتوں پر مشتمل جی ٹوئنٹی گروپ کے ممبران کا اجلاس پہلی مرتبہ چین میں منعقد ہو رہا ہے۔
چین کے شہر ہانژوا میں جاری اجلاس کے دوران چینی صدر شی جی پنگ کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت کو درپیش حالیہ مسائل کی وجہ سے دنیا 'جی ٹوئنٹی' سے کافی اُمیدیں وابستہ رکھے ہوئے ہے۔
گذشتہ روز چین میں دنیا کے بڑے معاشی ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی کے سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کے لیے ہینگ ژو پہنچے تھے جبکہ چین اور امریکا نے ماحولیات کے پیرس معاہدے کی توثیق کرنے کے بعد دستاویزات اقوام متحدہ کے سربراہ کے حوالے کردی تھیں۔
یاد رہے کہ 3 سے 5 ستمبر تک جاری رہنے والی اس سمٹ میں عالمی معاشی صورتحال، دہشت گردی، ماحولیاتی آلودگی سمیت دیگر اہم امور زیر غور آئیں گے۔