جاناں ملک اور نعمان جاوید کا شادی کا فیصلہ
گلوکار اور اداکارہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں، نعمان جاوید سے رواں سال ہی فریحہ پرویز نے علیحدگی اختیار کی تھی۔
پاکستانی گلوکار نعمان جاوید اور اداکارہ جاناں ملک نے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گلوکار نعمان جاوید کا اس سال کا آغاز کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا تھا، ان کی اہلیہ گلوکارہ فریحہ پرویز نے ان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد نعمان جاوید نے خودکشی کی کوشش بھی کی تھی، تاہم 4 ماہ بعد ان کی زندگی میں سب کچھ بہتر ہورہا ہے اور وہ جلد اداکارہ جاناں ملک سے شادی کرنے جارہے ہیں۔
ڈان کو انٹرویو دیتے ہوئے نعمان جاوید کا کہنا تھا کہ وہ اور جاناں ملک پہلی مرتبہ 12 اگست کو ملے تھے، جب وہ ایک ساتھ فلم دیکھنے کے لیے گئے۔
نعمان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے جاناں کو 26 اگست کو پروموز کیا، وہ ایک نہایت ایماندار اور وفادار شخصیت کی مالک ہیں‘۔