چین میں جی ٹوئنٹی اجلاس کی انوکھی تیاریاں، کارخانے بند
بیجنگ: چین کے شہر ہینگ ژو میں دنیا کے بڑے معاشی ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی سمٹ 2016 کا کل سے آغاز ہورہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سمٹ میں شرکت کے لیے عالمی سربراہان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور ارجنٹینا، قازقستان، سینیگال، انڈونیشیا اور برازیل کے صدور ہینگ ژو پہنچ چکے ہیں۔
سمٹ میں عالمی معاشی صورتحال اور دہشت گردی سمیت دیگر اہم امور زیر غور آئیں گے۔
3 سے 5 ستمبر تک جاری رہنے والی کانفرنس میں امریکی صدر براک اوباما اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی شرکت بھی متوقع ہے۔
اس موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ فضا کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے فیکٹریاں بند کردی گئی ہیں۔
ایک فیکٹری میں کام کرنے والی 50 سالہ خاتون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا، 'بہت سے پلانٹس بند کردیئے گئے ہیں، جس سے ہمیں بہت نقصان ہورہا ہے'۔
انھوں نے مزید کہا، 'مجھے معلوم ہوا ہے کہ کانفرنس صرف 2 روز کی ہے، لیکن کیا یہ سب چین کے امیج کے لیے ہے؟'