گوادر فری ٹریڈ زون سمیت 5 مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد
گوادر: وزیراعظم نواز شریف نے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سلسلے میں گوادر فری ٹریڈ زون سمیت 5 مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر کو بین الاقوامی شہر بنتا دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر پاکستان اور پاکستان گوادر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گوادر مستقبل میں پاکستان کا بہترین شہر ہوگا، یہاں جدید انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی ہوگا، جہاں سے گلف کے علاوہ یورپ کے لیے بھی پروازیں چلیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں 50 ہزار ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے، جس میں مقامی افراد کو چانس دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:اقتصادی راہداری منصوبے میں تبدیلی مسترد
وزیراعظم نے کہا کہ گوادر میں 150 ارب روپے سے سڑکوں کا جال بھی بچھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں 150 بستروں پر مشتمل ایک جدید ہسپتال بنایا جارہا ہے، جسے بعد میں 300 بستروں پر مشتمل کردیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا یہ دیرینہ خواب تھا اور یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ یہاں امن بھی قائم ہوا ہے، جس کے لیے انھوں نے فوج، پولیس اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشت گردی ختم ہورہی ہے اور دہشت گردی کی جو 'دُم' رہ گئی ہے وہ بھی بہت جلد ختم ہوجائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 'مجھے وہ دن نظر آرہا ہے جب ٹریفک چین سے گوادر اور گوادر سے چین جائے گی، جس کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہوگا'۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے میں چین کا بڑا عمل دخل ہے اور یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے گوادر میں 5 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں میں فری ٹریڈ زون، بزنس کمپلیکس آف گوادر پورٹ اتھارٹی، پاک-چین گورنمنٹ پرائمری اسکول فقیر کالونی، سوار اور شادی خور ڈیمز اور گوادر یونیورسٹی شامل ہیں۔
وزیراعظم کو ان منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، جو پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہیں۔