پاکستان

عید کیلئے قربانی کے جانور آنا شروع

ذوالحج کا مہینہ شروع ہونے سے قبل ہی مختلف علاقوں میں منڈیاں لگ گئی ہیں، جہاں جانور لانے کا سلسلہ جاری ہے۔

عید قرباں یعنی عید الاضحیٰ کا چاند دیکھنے کے لیے ابھی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی نہیں ہوا لیکن ملک کے مختلف علاقوں میں جانوروں کی منڈیاں لگنا شروع ہو گئیں۔

اکثر شہری علاقوں میں دیہاتوں سے جانور لائے جا رہے ہیں جو خاص طور پر عید پر قربانی کے لیے پالے جاتے ہیں۔

سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں گہما گہمی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

بیوپاری گائیں، اونٹ، بکروں اور دیگر جانوروں کو فروخت کے لیے منڈیوں میں لے جا رہے ہیں، جہاں یہ خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

جیسے جیسے عید قریب آتی ہے، ویسے ہی قربانی کے جانوروں کی سجاوٹ بھی اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے، خاص طور پر بچے تو جانوروں کو سجا سنوار کر انھیں سیر کروانے کے خواہش مند نظر آتے ہیں۔