عتیقہ اوڈھو ایک اور پاکستانی فلم کا حصہ
عتیقہ اوڈھو فلم میں ایک ماڈرن اور خودمختار تنہا ماں کا کردار ادا کررہی ہیں۔
2016 پاکستانی سینما میں عتیقہ اوڈھو کی واپسی کا سال ہے کیونکہ وہ اس وقت مہرین جبار کی فلم دوبارہ پھر سے، میں کام کررہی ہیں، تاہم انہوں نے ایک نئے پراجیکٹ کو بھی سائن کرلیا ہے۔
مہرین جبار کی یہ فلم کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے گرد گھومتی ہے جس کے لیے عتیقہ اوڈھو ٹورنٹو میں شوٹنگ کا حصہ بنی ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے بتایا " یہ ایک کامیڈی فلم ہے جسے انڈین رائٹر نے تحریر کیا ہے، اس کی کاسٹ مکمل طور پر پاکستانی ہے جن میں سے چند بڑے نام پہلی بار کسی فلم کا حصہ بنے ہیں"۔
عتیقہ اوڈھو نے مزید بتایا " اپنے کردار کے لیے میں نے اپنا انداز بدلا ہے، میں ایک دلچسپ کردار ادا کررہی ہوں، جو ایک ماڈرن اور خودمختار تنہا ماں کا کردار ہے جو اکیلے اپنے بچوں کی پرورش کرتی ہے"۔