الطاف حسین سے قطع تعلق کا اعلان
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے قائد متحدہ الطاف حسین سے قطع تعلق کا اعلان کردیا۔
کراچی میں ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کو ہم نے ایک لکیر کھینچ دی، جس کے بعد پارٹی کی فیصلہ سازی اور دیگر معاملات کا تعلق لندن سے نہیں رہا اور جب ہمارا لندن سے کوئی تعلق نہیں تو اس کا مطلب الطاف حسین سے بھی کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور دیگر دفاتر کو غیر قانونی اور غیر آئینی طور پر سیل کیا گیا، ایم کیو ایم کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی ختم ہونی چاہیے اور کراچی سمیت سندھ میں جہاں ایم کیو ایم نے الیکشن جیتا وہاں اسے سیاسی اونر شپ دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم کیو ایم کے فیصلے اب پاکستان میں ہوں گے، فاروق ستار
انہوں نے کہا کہ ہماری نیک نیتی اور اخلاص پر شک کرنے کا اختیار کسی کو نہیں، آج ہمارے مخالفین آکر ہمارے سامنے کھڑے ہو رہے ہیں بلکہ یہاں تک نوبت آگئی ہے کہ اب ہماری بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، جبکہ چینلز پر حملے میں ہماری جن خواتین کو گرفتار کیا گیا ان کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے متعدد دفاتر کو غیر قانونی طور پر قائم کرنے کا جواز دے کر مسمار کیا گیا، جبکہ جن دفاتر کو غیر قانونی قرار دے کر مسمار کیا جارہا ہے اس کی ٹائمنگ قابل غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’آپ کا عمل ثابت کر رہا ہے کہ ایک شخص کے بیانات کا معاملہ نہیں، ایک ایم کیو ایم بنادی گئی جس کا نام میں نہیں لے رہا، ایک ایم کیو ایم لندن ہے جس کا نام خود رکھا گیا، ایک ایم کیو ایم پاکستان ہے جو اصل ایم کیو ایم ہے، جبکہ ایسا لگتا ہے پس پردہ 4 یا 5 ایم کیو ایم بنانے کے ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔‘
مزید پڑھیں: الطاف حسین کاایک اورپاکستان مخالف بیان،متحدہ کاپھر اعلان لاتعلقی
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری مثبت کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش نظر آرہی ہے، بچوں اور خواتین کی بلاجواز گرفتاریاں ہو رہی ہیں، جبکہ اس طرح کا عمل لوگوں کے جذبات ابھارتا ان کو مشتعل کرتا ہے۔‘
فاروق ستار نے کہا کہ ’ہماری مقتدر حلقوں سے گزارش ہے کہ خدا کے واسطے ہمیں کام کرنے دیں، ہم یقین دلائیں گے کہ ایم کیو ایم اور دہشت گردی الگ الگ چیزیں ہیں، جبکہ وسیم اختر جب میئر کا حلف اٹھائیں گے تو پہلا اعلان کراچی سے کراچی سے تجاوزات و غیر قانونی قبضے ختم کرنے کا کریں گے۔