’غریبوں کا کام امیروں کی خدمت‘،لیگی سینیٹر کا خیال
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر محمد یعقوب خان نصر نے سینیٹ کی کمیٹی کے اجلاس کے دوران متنازع بیان دیا کہ غریب امیروں کی خدمت کے لیے پیدا ہوئے ہیں، جس کے بعد ان کو کمیٹی کے دیگر ممبران کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق میر کبیر احمد محمد ساہی کی صدارت میں میٹنگ شروع ہونے کے بعد ارکان نے کابینہ ڈویژن کے انچارج وزیر شیخ آفتاب اور ان کے سیکریٹری کی غیر موجودگی پر اعتراض کیا اور بتایا کہ انہوں نے گزشتہ اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی، جب انہیں فون کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ میں مصروف تھے۔
اس دوران، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے گفتگو کا آغاز کیا کہ ملک حکمران اور اشرافیہ کی ملکیت بن چکا ہے جبکہ تمام فیصلے امیروں کے حق میں کیے جاتے ہیں۔
تاج حیدر کا کہنا تھا کہ ’سیکڑوں پاکستانیوں کو ملک کے مفاد کے نام پر مزدوروں کے طور پر بیرون ملک بھیجا گیا، جنہوں نے غیر ملکی زرمبادلہ بھیجا، آئندہ چند سالوں میں یہ بھی ثابت کیا جائے گا کہ آف شور کمپنیاں بھی ملک کے مفاد میں بنائی گئی تھیں جبکہ اس ملک کے غریب عوام کبھی اپنی قسمت کا فیصلہ نہیں کرسکیں گے‘۔