پاکستان

سیالکوٹ-لاہور موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔

سیالکوٹ: وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ اور لاہور کے درمیان موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور اس موقع پر شہر کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سیالکوٹ کے شہریوں کو خوشحالی کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور موٹر ویز کی صورت میں ترقی کا راستہ ہموار کرتے رہیں گے۔

سیالکوٹ لاہور موٹر وے کا نقشہ— فوٹو: ڈان نیوز.

خطاب کے دوران نواز شریف مخالفین کی ناکامیاں بیان کرنا بھی نہ بھولے اور کہا کہ تحریکیں بس نام کی ہی ہیں۔

تحریک انصاف کے احتجاجی سلسلوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے کسی کو سڑکیں بنانے اور کسی کو احتجاج کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے منتخب کیا ہے۔

خطاب کے دوران انھوں نے ایک مرتبہ پھر عوام کو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی ڈیڈ لائن دے دی۔

تقریب کے دوران ڈی جی ڈبلو ایف او نے وزیراعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ منصوبے پر قومی خزانے سے کم سے کم بوجھ آئے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے تو پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیراعظم موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز.

خیال رہے کہ وزیراعظم کے موٹر وے کے سنگ بنیاد رکھنے سے کچھ دیر قبل ہی قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے سیالکوٹ اور لاہور کے درمیان موٹروے منصوبے کی منظوری دی جبکہ یہ منصوبہ ان کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔

تاہم کمیٹی نے سیالکوٹ لاہور موٹروے منصوبے کی لاگت میں 9 ارب روپے کی کمی کردی۔

لاہور سیالکوٹ موٹروے منصوبے پر 52 ارب 64 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، 89 کلومیٹر طویل منصوبہ لاہور بائی پاس انٹرچینج سے شروع ہوگا اور یہ 2 سال میں مکمل ہوگا۔