ترکی: شادی کی تقریب میں دھماکا، 50 افراد ہلاک
واقعہ شامی سرحد کے قریب ترک شہر غازی انتیپ میں پیش آیا، 94 افرد زخمی بھی ہوئے، حملہ ممکنہ طور پر خود کش تھا، رکن اسمبلی
انقرہ: شام کی سرحد کے قریب ترکی کے شہر غازی انتیپ میں ایک شادی کی تقریب میں ہونے والے دھماکے میں 50 افراد ہلاک اور 94 زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق غازی انتیپ کے گورنر علی یرلی کایا نے بتایا کہ ہفتے کی شب جاری شادی کی ایک تقریب میں ہونے والے دھماکے میں 50 افراد ہلاک ہوئے۔
انہوں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہھرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ترکی بم دھماکوں میں 6 ہلاک، 200 سے زائد زخمی
ترک صدر رجب طیب اردگان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس حملے کے پیچھے شدت پسند تنظیم داعش کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔
حکمراں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے رکن اسمبلی محمد اردگان کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ حملہ کس نے کیا تاہم یہ ممکنہ طور پر خود کش حملہ تھا۔