ڈک جھیل: وادیء نیلم کا پوشیدہ نگینہ
پاکستان رقبے کے لحاظ سے دنیا کے بڑے بڑے ممالک کے سامنے ایک چھوٹا سا ملک ہے۔ مگر اتنے چھوٹے سے ملک میں بھی ہر چند سو کلومیٹر بعد موسم اور زمین بدلتی جاتی ہے۔
ملک کے چاروں صوبوں میں بہت ہی خوبصورت نظاروں سے مالا مال علاقے موجود ہیں۔ بلوچستان سے لے کر کشمیر تک انتہائی خوبصورت مقامات موجود ہیں جہاں ملکی اور غیر ملکی سیاح یادوں کو تخلیق کرنے آتے ہیں۔
گزشتہ ڈیڑھ دہائیوں سے ملکی حالات بدل جانے کی وجہ سے اب چند مخصوص وادیوں پر ہی سیاحوں کی آمد ہوتی ہے۔ انہی وادیوں میں سے ایک وادئ نیلم ہے۔ جہاں آخری مرتبہ ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اب تک ہزاروں یا شاید لاکھوں لوگ جا چکے ہیں۔
اس وادی کا صدر مقام آٹھ مقام ہے۔ آٹھ مقام مظفر آباد سے چار گھنٹوں کی مسافت پر موجود ایک خوبصورت شہر ہے۔ وادی نیلم میں آٹھ مقام کے بعد شاردا اور کیل دو بڑی آبادی والے شہر ہیں۔