صحت

صحت مند رہنے کے لیے کتنی ورزش کی ضرورت

تحقیق میں جسمانی سرگرمیوں اور پانچ عام مگر جان لیوا امراض کے خطرے میں کمی کے تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

کیا آپ کینسر، ذیابیطس، امراض قلب اور فالج جیسے امراض سے بچنا چاہتے ہیں ؟ تو دن بھر میں بس اپنے جسم کو ڈیڑھ سے 2 گھنٹے تک کسی کام میں مصروف رکھنا عادت بنالیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

تحقیق میں جسمانی سرگرمیوں اور پانچ عام مگر جان لیوا امراض کے خطرے میں کمی کے تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

یہ تو کوئی حیران کن بات نہیں کہ متحرک طرز زندگی متعدد طبی مسائل سے تحفظ دیتا ہے مگر اکثر افراد کو یہ علم نہیں کہ کتنے وقت تک اور کس طرح کی سرگرمیاں صحت کے لیے بہتر ہیں۔

اس تحقیق میں 174 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کرکے بتایا گیا کہ دن بھر میں گھر کے کاموں کی صورت میں جسمانی سرگرمیوں کے لیے ڈیڑھ سے دو گھنٹے وقف کرنا بریسٹ اور آنتوں کے کینسر، ذیابیطس، امراض قلب سمیت فالج جیسے امراض کا خطرہ نمایاں حد تک کم کردیتا ہے۔

اب یہ جسمانی سرگرمی ورزش کی صورت میں ہو، گھر کے کام یا چہل قدمی، یہ ہر صورت میں فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ ایک ہفتے میں 14 گھنٹے تک جسمانی طور پر متحرک رہتے ہیں، ان میں ان پانچوں امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

واشنگٹن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں مزید بتایا گیا " ہوسکتا ہے 14 گھنٹے تک سرگرم رہنا مشکل لگتا ہو مگر ایسا کرنا بہت آسان ہے بس آپ کو اپنے روزمرہ کے کاموں کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، پھر چاہے بہت زیادہ سخت ورزش یا جم نہ بھی جاتے ہو، صحت بہتر رہے گی"۔

یہ تحقیق طبی جریدے دی بی ایم جے میں شائع ہوئی۔