لائف اسٹائل

فواد اور کترینہ کی ’پنجابی شادی‘

رپورٹس کےمطابق دونوں اداکار ایک ساتھ کرن جوہرکی فلم میں کام کریں گےجو شمالی ہندوستان کی پنجابی ثقافت پر بنائی جارہی ہے۔

پاکستانی اداکار فواد خان کی بولی وڈ میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث کئی اداکارائیں ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند ہیں۔

قیاس آرائیاں تھیں کہ فواد خان بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ ایک فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے، تاہم دپیکا تو نہیں لیکن کترینہ ضرور فواد کے ساتھ ایک فلم میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔

ممبئی مرر کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ دونوں اداکار ایک ساتھ ہدایت کار کرن جوہر اور فاکس اسٹوڈیو کی پروڈکشن میں بننے والی فلم میں کام کریں گے جس کی ہدایات ادیتیہ دھر دیں گے۔

یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ کرن اور فواد بہت کم وقت میں اچھے دوست بن چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: فواد خان کی اگلی فلم کترینہ کیف کے ساتھ؟

رپورٹس کے مطابق اس فلم کی شوٹنگ رواں سال نومبر میں دہلی میں کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق فلم رومانوی کہانی پر مبنی ہے جسے شمالی ہندوستان میں شوٹ کیا جائے گا، اس فلم میں فواد اور کترینہ کے پنجابی گھرانوں کے درمیان ہونے والی شادی اور پنجابی ثقافت کو پیش کیا جائے گا۔

قیاس آرائیاں ہیں کہ فلم کی شوٹنگ اگلے سال جنوری تک مکمل کرلی جائے گی اور فلمساز اسے 2017 میں ہی ریلیز کرنے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فواد خان کی اگلی بولی وڈ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ رواں سال 28 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔