اسلام آباد: 2 گروپوں میں تصادم،سابق چیئرمین سینیٹ کا بھانجا ہلاک
راجہ ارشد اور ملک طارق گروپ کے درمیان تصادم میں ملک فہد کو گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، پولیس
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو کا بھانجا ملک فہد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق رات گئے اسلام اباد کے سیکٹر ایف 10 میں راجہ ارشد اور ملک طارق کے گروپوں کے درمیان لڑکی کے معاملے پر تنازع کے بعد تصادم ہوا اور بات تھانے تک جا پہنچی جہاں پر پولیس نے دونوں گروپوں کے درمیان صلح کروا دی۔
بعدازاں اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں ملک طارق اور راجہ ارشد کے گروپوں میں دوبارہ تصادم ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راجہ ارشد گروپ کی فائرنگ سے ملک طارق زخمی ہوا جبکہ اس جھگڑے میں صلح کے لیے کوشش کرنے والے سابق چیئرمین سینیٹ میاں محمد سومرو کے بھانجے ملک فہد کو گولیاں لگیں، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔