پی آئی اے پریمیئر سروس کا افتتاح
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) پریمیئر سروس کا افتتاح کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اس افتتاح کے بعد پی آئی اے پریمیئر سروس کی پہلی پرواز آج اسلام آباد سے لندن کیلئے روانہ ہوگئی۔
اس افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ پی آئی اے اور سری لنکن ایئرلائن کے سربراہان بھی شریک تھے۔
مزید پڑھیں: 14 اگست سے پی آئی اے کی پریمیئر سروس کا آغاز
پریمیئر سروس کی افتتاحی پرواز کے مسافروں کے لیے لیموزین سروس بھی مفت میں فراہم کی گئی۔
لیموزین سروس ایئرپورٹ سے 25 کلومیٹر تک کے فاصلے کے لیے ہے اور یہ بزنس کلاس کے مسافروں کے لیے تھی۔
دوسری جانب پیر اور بدھ کو لندن سے آنے والی پروازوں کے اوقات کار بھی بدل دیئے گئے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ' وزیراعظم نواز شریف نے آج پی آئی اے پریمیئر سروس کا افتتاح کیا ہے، 14 اگست یوم آزادی منانے کا اس سے بہتر طریقہ کیا ہوسکتا ہے!'
پریمیئر سروس کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے آج ایک اور وعدہ پورا کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پریمیئر سروس کے لیے پی آئی اے نے سری لنکن ایئرلائنز سے انتہائی مہنگے داموں کرائے پر 3 ایئربس 330 طیارے حاصل کیے گئے ہیں۔