پاکستان

آرمی چیف کی خدمات کا اعتراف، عامر خان نے بیلٹ پیش کردی

جنرل راحیل شریف سے برطانوی نژاد باکسر نے ملاقات کی جبکہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر کی جانب سے بیلٹ کا تحفہ پیش کیا۔

اسلام آباد: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے دارالحکومت اسلام آباد میں پاک آرمی کے چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران انھیں ملک میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر کی جانب سے چیمپئن شپ بیلٹ پیش کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف سے ملاقات ترتیب دینے پر عامر خان نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ اور ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) کے صدر ماریشیو سلیمان کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ 'پاکستان میں سیکیورٹی اور امن کے قیام کے لیے جنرل راحیل شریف کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے' عامر خان نے انھیں چیمٌئن شپ بیلٹ پیش کی۔

عامر خان کی جانب سے پیش کی جانے والی بیلٹ پر پاکستان اور برطانوی پرچموں کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف، بالسنگ کے لیجنڈ محمد علی اور خود عامر خان کی تصاویر موجود ہیں۔