پاک انڈیا بارڈر: 14 اگست پر فائرنگ اور مٹھائیوں کا تبادلہ
لاہور: پاکستان کی یوم آزادی کے موقع پر پنجاب رینجرز کی جانب سے واہگہ پر ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کو روایتی مٹھائیاں پیش کی گئیں جبکہ دوسری جانب لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فورسز کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کی گئی۔
ایل او سی پر 14 اگست کے دن ہندوستانی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہندوستانی فورسز نے آزاد کشمیر میں ایل او سی پر راولا کوٹ کے نیزہ پیر سیکٹر میں بھاری ہتھیاروں سے شیلنگ کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ شیلنگ کے دوران متعدد گولے عام شہریوں کے گھروں پر بھی گرے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ رات 2 بجے شروع ہوا جو وقفے وقفے سے 14 اگست کی صبح 8:30 تک جاری رہا۔
فوج کی جانب سے کہا گیا کہ ہندوستانی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کا بھر پور جواب دیا گیا.
فائرنگ اور گولہ باری سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے ہندوستانی فورسز کی جانب سے پاکستانی چوکیوں اور شہریوں کو بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنانے کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا۔
اس حوالے سے پاکستان نے ہندوستانی ڈی جی ایم او سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اور ان کی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔