بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی کی رہائی کا مطالبہ
رام اللہ: ایمنسٹی انٹر نیشنل نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ گذشتہ دو ماہ سے بھوک ہڑتال جاری رکھنے والے فلسطینی قیدی بلال کائد پر فرد جرم عائد کردیں یا انھیں رہا کردیا جائے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے گروپ نے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ 'اسرائیلی حکام بلال کائد کو لازمی رہا کردیں یا اگر ان کے پاس اس کے خلاف کسی جرم کا ثبوت موجود ہے تو باقائدہ ٹرائل کا آغاز کرتے ہوئے اس پر فرد جرم عائد کی جائے'۔
خیال رہے کہ بلال کائد گذشتہ 59 روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں، اور انھیں جمعہ کے روز صحت کی خرابی کے باعث جنوبی اسرائیلی شہر اشکیلون میں قائم برازیل کے تحت چلنے والے ایک ہسپتال میں لایا گیا تھا۔
فلسطین کی انسانی حقوق کی تنظیم الضمیر کے مطابق 'انھوں نے فلحال طبی معائنہ کرانے سے انکار کردیا ہے اور وہ صرف پانی کے ساتھ نمک، شکر اور ویٹامن بی وان کا استعمال کررہے ہیں'۔