دنیا

'ماں بننے پر 6 ماہ کی بامعاوضہ چھٹی ملے گی'

ہندوستانی ایوان بالانےمیٹرنٹی بینیفٹ ترمیمی بل منظورکرلیا،بچہ گود لینے والی خواتین کو 3 ماہ کی بامعاوضہ چھٹی دی جائے گی۔

نئی دہلی: ہندوستان میں ماں بننے والی ملازمت پیشہ خواتین کیلئے چھٹیوں کا دورانیہ تین ماہ سے بڑھا کر چھ ماہ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے ایوان بالا راجیہ سبھا نے میٹرنٹی بینیفٹ ایکٹ 1961 میں ترمیم کے حوالے سے پیش کردہ بل کی منظوری دے دی اور اب اسے منظوری کے لیے لوک سبھا میں بھیجا جائے گا۔

راجیہ سبھا کی رکن اور معروف بالی ووڈ اداکارہ جیا بچن کی خواہش تھی کہ زچگی سے گزرنے والے خواتین کو ایک سال کی چھٹی دی جائے تاہم 6 ماہ پر اتفاق رائے ہوا اور راجیہ سبھا میں اس بل کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

گزشتہ روز وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہوا جس میں میٹرنٹی بینیفٹ ایکٹ 1961 میں ترمیم کی منظوری دی گئی تھی۔

ترمیم کے مطابق اب ماں بننے والی ملازمت پیشہ خواتین کو 3 ماہ کے بجائے 6 ماہ کی چھٹی دی جائے گی اور اس دوران کمپنی اس بات کی پابند ہوگی کہ وہ اس خاتون کی تنخواہ اور دیگر مراعات جاری رکھے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی کوشش ہے کہ اس ترمیمی بل کو پارلیمنٹ کے جاری اجلاس میں پیش کرکے فوری طور پر لوک سبھا سے بھی منظور کرالیا جائے۔

پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس قانون کا اطلاق ہر اس کمپنی پر ہوگا جہاں 10 یا اس سے زیادہ لوگ کام کرتے ہیں اور اس قانون سے ہندوستان کی 18 لاکھ خواتین مستفید ہوں گی جو مختلف اداروں میں ملازمت کرتی ہیں۔

بل کے مطابق وہ پہلے دو بچوں کی پیدائش پر خواتین کو 6 ماہ کی چھٹیاں دی جائیں گی تاہم تیسرے بچے کی پیدائش پر تین ماہ کی چھٹیاں ہی ملیں گی اس کے ساتھ ساتھ بچہ گود لینے والی خواتین کو بھی تین ماہ کی چھٹیاں ملیں گی۔