کوئٹہ: سڑک کنارے بم دھماکے میں 14 افراد زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق دھماکا زرغون روڈ پر الخیر ہسپتال کے قریب ہوا، دھماکے میں اینٹی ٹیررزم فورس (اے ٹی ایس) کے اسکواڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کے لیے بارودی خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، جب اینٹی ٹیررازم فورس کی گاڑی وہاں سے گزری تو ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا۔
دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جب کی سڑک پر بھی گڑھا پڑ گیا۔
مزید پڑھیں : کوئٹہ میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، فرنٹیئر کور (ایف سی)، اینٹی ٹیررزم فورس اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
امدادی کارکنوں نے زخمیوں فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا، ریسکیو ذرائع نے 4 سیکیورٹی اہلکاروں اور 10 عام شہریوں کے زخمی ہونے کی رپورٹ دی۔
صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور متاثرہ مقام کا معائنہ کیا۔