کاروبار

اوگرا سے مذاکرات ناکام، سی این جی کی فراہمی بند کرنے کا اعلان

سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے گیس قیمت کے معاملے پر اوگرا سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد گیس فراہمی معطل کرنے کا اعلان کیا

کراچی: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان گیس کی قیمت کے تعین کے معاملے پر مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور سی این جی ایسوسی ایشن نے احتجاجا کل سے گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان نے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا کے رکن عامر نسیم سے بدھ کو ہونے والی بات چیت میں مسائل کا حل نہیں نکل سکا ہے جس کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کل احتجاجا سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز بند رہیں گے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں گیس کے نرخ پنجاب کے برابر کردیے گئے ہیں اور اب اوگرا سی این جی اسٹیشنز کو کام کرنے سے روک رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سال سے گیس نرخ میں اضافے کا مطالبہ کررہے ہیں مگر ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کے خلاف احتجاجا کل سی این جی ا سٹیشنز بند رہیں گے۔

چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ وہ جمعہ کو اگلے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔