سانحہ کوئٹہ کے بعد وکلاء کا سوگ اور عدالتوں کا بائیکاٹ
کوئٹہ: بلوچستان بار کونسل کے صدر بلال انور کاسی کے قتل کے بعد سول ہسپتال میں ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں وکلاء سمیت 70 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں وکلاء برادری نے عدالتوں کا بائیکاٹ کرکے احتجاج کیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ بار نے 7 دن، پاکستان بار، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز اور لاہور چیمبر نے 3 روز کے سوگ کا اعلان کیا تھا، جبکہ بلوچستان حکومت کی جانب سے بھی 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔
کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد بار ایسوسی ایشنز کی اپیل پر عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا گیا اور وکلاء برادری نے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں بھی نکالیں۔
مزید پڑھیں:کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خودکش دھماکا
ملک کے مختلف علاقوں میں کوئٹہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
اسلام آباد میں ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر وکلاء نے ہڑتال کی، وکلاء کی ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کی وجہ سے مقدمات کی سماعت کسی کارروائی کے بغیرملتوی کردی گئی۔
سندھ
سانحہ کوئٹہ کے خلاف کراچی کے وکلاء نے بازوؤں پرسیاہ پٹیاں باندھ کر سٹی کورٹ سے ایم اے جناح روڈ تک ریلی نکالی اور دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ وکلاء نے ایم اے جناح روڈ پر کوئٹہ کے خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی غائبانہ نمازجنازہ بھی ادا کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی وکلاء سے اظہار یکجہتی کے لیے سٹی کورٹ کا دورہ کیا اور وکیلوں سےملاقات کی۔
عمرکوٹ سیشن کورٹ کے احاطے میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، گھوٹکی میں بھی وکلاء نے اپنے ساتھیوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔
جامشورو، بدین، دادو، نوابشاہ اور سکھر میں بھی وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا۔
پنجاب
لاہورکی وکلاء برادری نے بھی سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں عدالتی کارروائیوں کابائیکاٹ کیا اور لاہورہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔
ملتان ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء بھی سراپا احتجاج رہے اور ڈسٹرکٹ بار میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
اس موقع پر ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود خان کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔
رحیم یار خان میں بھی وکلاء نے واقعے کی مذمت کی اور دھماکے مییں ہلاک ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ کے وکلاء نے سانحہ کوئٹہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
فیصل آباد، سرگودھا، چکوال شیخوپورہ، ساہیوال اور دیگر شہروں میں بھی کوئٹہ سانحہ پر وکلاء کی جانب سے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئیں۔
خیبر پختونخوا
خیبرپختونخوا کے وکیل بھی سانحہ کوئٹہ پرغم میں ڈوبے ہوئے ہیں، وکلاء نے پشاور ہائی کورٹ کے احاطے میں سانحہ کوئٹہ میں ہلاک ہونے والوں کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی۔
مانسہرہ میں بھی سانحہ کوئٹہ میں ہلاک ہونے والے وکلاء اور صحافیوں کے لیے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دعائے مغفرت کی گئی۔
آزاد کشمیر
ملک بھر کی طرح میرپور آزاد کشمیر میں بھی سانحہ کوئٹہ کے خلاف آزاد کشمیر بار کونسل کی کال پر عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔