پاکستان

سیہون میں اے ایس آئی کی 'ٹارگٹ کلنگ'

اے ایس آئی نیاز پنہور کانسٹیبل کے ہمراہ علاقےمیں گشت کررہے تھے کہ کھوسہ محلہ میں 4 مسلح افراد نے ان پرفائرنگ کردی،پولیس

سیہون: صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو کے شہر سیہون میں مسلح افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) ہلاک جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جامشورو طارق ولایت نے تصدیق کی کہ اے ایس آئی نیاز پنہور اپنے کانسٹیبل کے ہمراہ علاقے میں گشت کررہے تھے کہ سیہون کے علاقے کھوسہ محلہ میں 4 مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی نیاز موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، تاہم ان کے ساتھ موجود کانسٹیبل جو کچھ فاصلے پر تھے، فائرنگ سے محفوظ رہے۔

ایس ایس پی کے مطابق واقعے کے بعد 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ واقعہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیے گئے آپریشنز کا نتیجہ ہوسکتا ہے، تاہم مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔

مقتول اے ایس آئی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ زخمی راہگیر کو بھی اسی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اندرون سندھ میں سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:لاڑکانہ میں رینجرز چوکی پر بم حملہ، ایک اہلکار ہلاک

اس سے قبل رواں برس 30 جولائی کو لاڑکانہ میں میروخان چوک کے قریب رینجرز چوکی کے قریب 2 بم حملوں کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار ہلاک جبکہ 5 اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مذکورہ واقعے کی ذمہ داری سندھ کی علیحدگی پسند جماعت سندھو دیش ریولوشنری آرمی نے قبول کی تھی۔