آرمی چیف کا ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن کا حکم
کوئٹہ: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں آرمی چیف کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری، چیف سیکریٹری اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملک بھر میں اسپیشل کومبنگ آپریشن اور بلوچستان میں خصوصی کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حملے کا مقصد بلوچستان کی سیکیورٹی کی صورتحال کو خراب کرنا ہے، تاہم سیکیورٹی کی صورتحال سنبھالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو شکست فاش ہوئی، جس کے بعد اب ان کی توجہ بلوچستان کی طرف ہوگئی ہے اور یہ حملہ خصوصی طور پر اقتصادی راہداری کے خلاف ہے۔
قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے کے بعد جنرل راحیل شریف نے بلوچستان ہائی کورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر ججز سے کوئٹہ دھماکے وکلا کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔